نئی دہلی،22؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راجستھان اور مدھیہ پردیش نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر کے آج اس سے درخواست کیا ہے کہ متنازعہ فلم پدماوت کی ریلیزسے منسلک اپنے 18 جنوری کے فیصلے کو واپس لے لے۔کورٹ کے 18 جنوری کے فیصلے کی بنیاد پر 25جنوری کو پورے ملک میں فلم کے ریلیز کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔چیف جسٹس جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے. ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے فلم کی نمائش سے متعلق کورٹ کے حکم میں ترمیم کا مطالبہ کرنے والی دونوں ریاستوں کی عبوری عرضی پر سماعت کے لئے کل کی تاریخ مقرر کی ہے۔ریاستوں نے دعوی کیا ہے کہ سنیمیٹوگراف قانون کی دفعہ چھ انہیں قانون و نظام کی ممکنہ خلاف ورزی کی بنیاد پر کسی بھی متنازعہ فلم کی نمائش کو روکنے کا حق دیتا ہے۔ سینئر وکیل ہریش سالوے نے ایسے معاملے میں عبوری عرضی پر فوری سماعت کی مخالفت کی۔ حالانکہ عدالت نے کیس کی سماعت کل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔عدالت نے اپنے 18 جنوری کے حکم کے ذریعے پورے ملک میں 25 جنوری کو فلم کی ریلیز کا راستہ صاف کر دیا تھا۔ اپنے حکم میں اس نے گجرات اورراجستھان میں فلم کے مظاہرے پر لگی پابندی ملتوی کر دی تھی۔اس سلسلے میں حالانکہ ہریانہ اور مدھیہ پردیش نے کوئی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے، لیکن انہوں نے کہا ہے کہ ریاستوں میں فلم کی نمائش نہیں ہوگی۔